وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے ڈی جی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات،الیکٹروبس سروس شروع کرانے پر خراج تحسین

8

لاہور ،01 ستمبر ( اے پی پی )  : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے ڈیرہ غازی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں احمد خان لغاری، علی احمد لغاری، اسامہ عبدالکریم، حنیف پتافی، اسامہ لغاری، صلاح الدین خان شامل تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، امن وامان اور درپیش عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان صوبائی اسمبلی کو حلقے میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو کامیاب دورہ چین پر مبارکبادپیش کی اور  ڈی جی خان الیکٹروبس سروس شروع کرانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ڈی جی خان میں الیکٹروبس سروس گیم چینجر منصوبہ ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے عوام الیکٹروبس سروس کے اجراء پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ممنون ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی موثر پالیسی کے تحت ڈی جی خان میں جرائم کی شرح میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔ کچہ میں پہلی بار امن وامان کی صورتحال میں بہتری پنجاب میں گڈگورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ دورہ چین کا مقصد پنجاب کو اے آئی دنیا کا ہب بنانا ہے۔پنجاب میں بھی جلد چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کے لئے جدید طریقہ علاج متعارف کرارہے ہیں۔ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبسوں سے عوام کو سفر کرتا دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ڈی جی خان سمیت دیگر شہروں میں روڈز، ڈرینج،واٹرسپلائی اور بیوٹیفکیشن کے پراجیکٹس شروع ہیں۔