اسلام آباد، 5 ستمبر ( اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ جنگلی حیات، قدرتی مساکن اور قدرتی ورثے کا تحفظ ناگزیر ہے،قدرتی وسائل کا ذمہ دارانہ استعمال اور سائنسی بنیادوں پر افزائشِ نسل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفاری کلب انٹرنیشنل پاکستان (ایس سی آئی) کے زیر اہتمام تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔ تقریب کا موضوع ’’جنگلی حیات کا تحفظ، ذمہ دارانہ استعمال اور نگہداشت‘‘ تھا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مقامی آبادیوں کو ساتھ لے کر چلنا انتہائی ضروری ہے۔ سائنسی بنیادوں پر جانوروں کی افزائشِ نسل جنگلی حیات کی بقا اور ماحولیاتی توازن کے لیے اہم ہے۔
اسپیکر نے ماحولیاتی انحطاط اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلیشیئرز، پہاڑوں، جنگلات اور قدرتی مساکن کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2015ء میں پارلیمنٹ آف پاکستان مکمل طور پر شمسی توانائی پر منتقل ہوئی اور پارلیمنٹ آف پاکستان دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ ہونے کا اعزاز رکھتی ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں بارش کے پانی کو محفوظ اور دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کے لیے واٹر ہارویسٹنگ منصوبہ جاری ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ درختوں کی غیر ضروری کٹائی روکنے اور نئی رہائشی عمارات میں پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت سے متعلق قرارداد جلد قومی اسمبلی میں لائی جائے گی۔ غیر قانونی شکار کی روک تھام اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ مارخور پاکستان کے قیمتی قدرتی ورثے کی علامت ہے اور مارخور اور دیگر جنگلی حیات کا تحفظ ماحولیاتی توازن اور پاکستان کے عالمی تشخص کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے دوران شہری علاقوں میں جنگلی حیات کی غیر معمولی موجودگی نے ماحولیاتی توازن میں اس کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ اسپیکر نے ایس سی آئی کے غیر ملکی اراکین کو شمالی علاقوں، گلیشیئرز اور بلوچستان کے پہاڑوں کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
اسپیکر نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ماہرین، قانون سازوں، پالیسی سازوں اور مقامی آبادیوں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔ ایس سی آئی کی جنگلی حیات اور قدرتی مساکن کے تحفظ کے لیے کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سازگر انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ کے بانی و چیف ایگزیکٹو میاں اسد حمید کو ایوارڈ پیش کیا۔
تقریب میں موجود وفاقی وزیر محمد رضا حیات ہراج نے بھی ایس سی آئی کے اراکین، ماہرین اور دیگر شخصیات میں ایوارڈز تقسیم کیے۔
تقریب میں پارلیمنٹیرینز، سابق پارلیمنٹیرینز، اراکین ایس سی آئی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔











