یوم ِدفاع: قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر کا خصوصی پیغام

7

مظفرآباد، 6 ستمبر ( اے پی پی): قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر  طارق فاروق نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر 1965 ہماری عسکری تاریخ کا اہم دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دن بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا، لیکن پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کا بہادری اور دلیری سے مقابلہ کیا اور دشمن کو شاندار طریقے سے شکست دی۔

 طارق فاروق نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، خواہ وہ پاک فوج ہو، فضائیہ ہو یا بحریہ، نے انتہائی مشکل حالات میں جس طرح محاذ سنبھالا اور جنگ لڑی، اس بہادری اور دلیری پر ہر پاکستانی نوجوان، بزرگ، مائیں اور بہنیں فخر کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو پاکستانی مسلح افواج نے جس دلیری سے دشمن کا مقابلہ کیا، ہم اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرتے رہیں گے اور ملک کے چپے چپے کا دفاع کریں گے۔قائم مقام صدر نے بین الاقوامی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیوں پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔انہوں نے کہا  کہ جلد  کشمیر بنے گا پاکستان۔