پنجاب بھر میں یومِ دفاع و شہداء پر شاندار تقریبات، شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت

6

لاہور،08ستمبر (اے پی پی):یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پنجاب بھر میں جذبۂ حب الوطنی کے اظہار کے لیے شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

گورنر پنجاب، صوبائی وزراء سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

لاہور میں منعقدہ مرکزی تقریب میں شہداء کے ورثاء، غازیانِ وطن، افسران و جوانوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گوجرانوالہ اور بہاولپور میں جدید عسکری ہتھیاروں اور سازوسامان کی نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں طلبہ اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ طلبہ نے ’پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد‘ کے فلک شگاف نعروں سے ملی جوش و جذبے کا اظہار کیا۔

یومِ دفاع کی مناسبت سے لودھراں، میلسی، اوکاڑہ، پاکپتن اور رحیم یار خان میں بھی شہداء کی قبروں پر حاضری دی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

اس موقع پر عوام نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا جس سے قوم کا عزم ہمیشہ بلند رہے گا۔ عوام کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ اعزاز ہیں جن پر پورا پاکستان فخر کرتا ہے۔