51 شہروں میں 18 ملین گیلن گنجائش والے 105 واٹر ٹینک تعمیر ہو رہے ہیں، وزیر بلدیات

4

لاہور،08  ستمبر ( اے پی پی ): وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت 51 شہروں میں 18 ملین گیلن گنجائش والے 105 واٹر ٹینک تعمیر ہو رہے ہیں۔ ان میں سے اب تک 92 انڈر گراؤنڈ ٹینک مکمل ہوچکے ہیں۔ سول سیکرٹریٹ میں ایک جائزہ اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت 77 کلومیٹر طویل 124 ڈرینز بھی بن رہی ہیں۔ اب تک 92 ڈرینز بن گئیں جبکہ مزید 6 ڈرینز پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک اور ایڈیشنل سیکرٹری مہرین فہیم عباسی بھی اجلاس میں موجود تھے۔ متعلقہ میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر (ایم او آئی) اور اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز (اے پی ڈی) نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے مختلف ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت مجموعی طور پر 81 ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر و بحالی کا کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ متعدد شہروں میں 23 ڈسپوزل سٹیشن پر کام شروع ہوچکا ہے۔ انشااللہ 58 ڈسپوزل سٹیشنز پر مرحلہ وار کام کا آغاز جلد ہوگا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے سے بجلی بلوں کی ماہانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔ علاوہ ازیں اربن فلڈنگ کی روک تھام میں ڈسپوزل سٹیشنز اہم کردار ادا کریں گے۔ واٹر ٹینکس اور ڈرینز کی بروقت تعمیر پر پوری ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ایم او آئیز اور اے پی ڈیز کو تعمیراتی کام کی موثر مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔