وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت  ایکسیس ٹو فنانس پلان  کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد

4

اسلام آباد ،9ستمبر  ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت  ایکسیس ٹو فنانس پلان  کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم آفس میں منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم اپنا گھر اسکیم، زراعت اور ایس ایم ایز کے شعبوں کی ترقی کے لیے فنانسنگ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بینک اور مالیاتی ادارے کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔ جو بینک قرضوں کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کریں گے حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کے فروغ کے لیے کام کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے کسانوں کو بلا رکاوٹ اور آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقات کے لیے سستی ہاؤسنگ کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ایسے املاک کا جامع سروے کرایا جائے جن کے لیے بینک “وزیراعظم اپنا گھر اسکیم” کے تحت قرضہ مہیا کر سکیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک 147,504 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 53,127 منظور ہو چکی ہیں۔ منظور شدہ درخواستوں کی کل مالیت 313.42 بلین روپے ہے جبکہ 8,739 درخواست گزاروں کو 45.43 بلین روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں،ملک بھر میں مورگیج کی شرائط پوری کرنے والے پلاٹس کی نشاندہی کے لیے نظام تیار کیا جا رہا ہے جس کا پائلٹ اسلام آباد سے ہوگا۔

بریفنگ کے مطابق زرعی شعبے کے لیے بینکوں کی جانب سے قرضے کا حجم اگست 2026 میں 1.268 ٹریلین روپے رہا جبکہ ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-2028 کے تحت جون 2028 تک 2 ٹریلین روپے کا حدف مقرر کیا گیا ہے۔ زرخیزی ایپ کے ذریعے آسان قرضے کے لیے 35,838 درخواستیں موصول ہوئیں جن کے لیے 7.35 بلین روپے منظور ہوئے اور 1.96 بلین روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔

ایس ایم ایز کے حوالے سے بتایا گیا کہ اگست 2026 تک بینکوں کی جانب سے قرضوں کا حجم 1.067 ٹریلین روپے رہا جبکہ جون 2028 تک 2 ٹریلین روپے کا حدف رکھا گیا ہے۔ سمیڈا نے گزشتہ تین ماہ میں 1096 ایس ایم ایز کو فائنانشل لیٹریسی کی تربیت دی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، ریاض حسین پیر زادہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر وزیراعظم ہارون اختر خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، IBRD کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگآبزر، پاکستانی بینکوں کے صدور و سی ای اوز اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔