تھانہ آبپارہ کی تعمیر نو ، وفاقی وزیر داخلہ کا افتتاح کر دیا

2

اسلام آباد ،09ستمبر (اے پی پی): اسلام آباد کے تھانوں کی حالت بدلنے لگی، تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تعمیر نو کے بعد تھانہ آبپارہ کا افتتاح کر دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے تھانہ آبپارہ کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ نے ایس ایچ او آفس، ڈی آر سی، انکوائری آفس، ویٹنگ ایریا سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے تھانے کے کاؤنٹرز پر شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور سائلین کے لیے فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات بھی کی اور کمیٹی کے کردار کو سراہا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا مقصد عوام کو جدید، باوقار اور عوام دوست پولیسنگ کا ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سائلین کی داد رسی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ سائل کی درخواست پر ہر صورت کارروائی یقینی بنائی جائے۔ کسی شہری کو ایف آئی آر کے اندراج میں بلاوجہ تاخیر یا مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ رویہ اپنایا جائے۔اس موقع پر وزیر داخلہ کو تھانے کی اپ گریڈیشن کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔

آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔