لاہور، 10 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے قازقستان کے قونصل جنرل راؤ خالد مصطفیٰ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں پنجاب اور قازقستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور، مشترکہ منصوبوں اور باہمی سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ٹیکسٹائل، سیاحت، ٹیکنیکل ایجوکیشن، الیکٹرک وہیکلز (ای وی) سیکٹر اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب اور قازقستان کے درمیان مختلف شعبوں میں اشتراک کی وسیع گنجائش موجود ہے، جبکہ دونوں جانب کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبے بھی شروع کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع اور عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر موجود ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سپیشل اکنامک زونز کے حوالے سے لینڈ لیز پالیسی بھی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت صنعتی یونٹ لگانے کے لیے 30 سے 50 سال کی لیز پر پلاٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں مختلف بینکوں کی برانچیں بھی قائم کی جا رہی ہیں، جبکہ قازقستان کے سرمایہ کار پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں اسی ماہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے کورسز بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور قازقستان کے فنی تعلیم کے اداروں کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں متعدد غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں نے اپنے صنعتی یونٹس قائم کیے ہیں، جبکہ لیتھیئم بیٹریوں اور دو پہیہ الیکٹرک وہیکلز کے کارخانے بھی قائم ہو چکے ہیں۔ مزید غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے آرہی ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ نے اٹلی، سعودی عرب اور عمان کے ساتھ ہنرمند افرادی قوت کے حوالے سے معاہدے کیے ہیں۔ قازقستان کو بھی ہنرمند افرادی قوت بھجوانے کے حوالے سے معاہدہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی طلب اور صنعت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بھی قائم کی جا رہی ہیں۔ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی قائم ہو چکا ہے، جبکہ 200 ایکڑ رقبے پر فارماسیوٹیکل ویلی بھی بنائی جائے گی۔
قازقستان کے قونصل جنرل راؤ خالد مصطفیٰ نے کہا کہ پنجاب اور قازقستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے لیے مختلف شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے اور قازقستان کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع اور سہولیات سے آگاہ کیا جائے گا۔











