اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد کا عدم پھیلاؤ (1737 کمیٹی) پر سلامتی کونسل کی بریفنگ سے خطاب

4

اقوام متحدہ، 11 ستمبر (اے پی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے عدم پھیلاؤ (1737 کمیٹی) پر سلامتی کونسل کی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں جاری کشیدگی، مخاصمت اور تنازعات کی صورتِ حال پر بدستور گہری تشویش رکھتا ہے،حالیہ پیش رفت نے خطے کی صورتِ حال کی نزاکت، کشیدگی میں اضافے کے خطرے اور سفارتی حل کی ضرورت کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں گزشتہ چند روز کے دوران تشدد میں اضافہ خطے اور اس سے باہر امن کے امکانات کے لیے انتہائی تشویش ناک ہے، ایران کے جوہری مسئلے سمیت تمام زیرِ التوا معاملات کا حل پُرامن ذرائع، سفارتی روابط اور مسلسل مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے، تمام متنازع امور کے مذاکرات کے ذریعے تصفیے کے لیے سفارت کاری اور مکالمہ رہنما اصول ہونے چاہئیں۔ متعلقہ فریقوں کے حقوق، ذمہ داریوں اور فرائض کے مطابق مذاکرات کے ذریعے تمام زیرِ التوا مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔

پاکستان نے ابتدا ہی سے کشیدگی میں کمی، جنگ بندی اور خطے میں وسیع تر استحکام کے لیے تعمیری سفارتی روابط جاری رکھے ہیں، پاکستان نے قیادت کی سطح پر مسلسل روابط اور علاقائی و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ فعال رابطہ کاری کے ذریعے سفارتی کوششیں جاری رکھیں، پاکستان نے مذاکرات کی حوصلہ افزائی، پیغامات کے تبادلے میں سہولت کاری اور بامعنی مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں معاونت کی۔

 سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کے لیے پاکستان کا دیرینہ عزم اصولی اور مذاکرات پر مبنی سفارت کاری میں اس کی ترجیح کا عکاس ہے، سفارت کاری کے لیے ضروری گنجائش فراہم کی جائے تو زیرِ التوا معاملات کے پُرامن حل میں اب بھی مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

سلامتی کونسل میں جاری تقسیم اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والا تعطل کونسل کے ذیلی اداروں کے کام کو بھی متاثر کر رہا ہے، سلامتی کونسل کے ارکان کو اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے مشترکہ مقصد کے حصول کی کوشش کرنی چاہیے۔