فائر سیفٹی پر پنجاب میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات، 30 ستمبر کے بعد خلاف ورزی کرنے والی بلند عمارتیں سیل ہوں گی: خواجہ سلمان رفیق

3

لاہور، 11 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق محکمہ ایمرجنسی سروسز میں جدید اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، جبکہ صوبے میں فائر سیفٹی کو مؤثر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تمام بلند و بالا عمارات کو فائر سیفٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے 30 ستمبر تک مہلت دی گئی ہے، جس کے بعد خلاف ورزی کرنے والی عمارات کو سیل اور مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایمرجنسی ہیڈکوارٹرز میں فائر سیفٹی کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو جانی و مالی نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے فائر سیفٹی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔

 اس موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ 11 ستمبر قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یوم وفات ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں فائر فائٹرز کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن بھی ہے۔ انہوں نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کراچی اور لاہور بند روڈ کی فیکٹری آتشزدگی کے شہداء کی یاد میں شمعیں بھی روشن کیں۔

 انہوں نے کہا کہ 11 ستمبر کو کراچی کے بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں تقریباً 260 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ لاہور کے بند روڈ پر شو فیکٹری میں آتشزدگی سے 21 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ایسے سانحات ہمیں فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات کی اہمیت کا احساس دلاتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے حال ہی میں ایمرجنسی سروسز کو انسراگ سرٹیفائیڈ کیا گیا ہے، جو پاکستان کے لیے قابل فخر اعزاز ہے۔ ایمرجنسی سروسز میں بہتری کے لیے 256 نئی ایمبولینسز کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ایئر ایمبولینس اور موٹروے پر ایمرجنسی سروسز کا آغاز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اہم اقدام ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں 4 لاکھ 41 ہزار سے زائد اساتذہ اور طلبہ کو فائر سیفٹی کی تربیت دی جا چکی ہے جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد سکاؤٹس کو بھی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ سیلاب 2025 کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے بے مثال خدمات انجام دیں اور ریسکیو 1122 کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اربوں روپے مالیت کے جدید آلات سے لیس کیا گیا ہے۔

 خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں فائر سیفٹی آلات اور ہائیڈرنٹس کی تنصیب بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ بلند و بالا عمارات میں فائر سیفٹی کے تمام ضروری اقدامات مکمل کریں ۔ اس موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ 11 ستمبر دنیا بھر میں فائر فائٹرز کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ 9/11 کے سانحے میں 340 فائر فائٹرز نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اب تک 3 لاکھ سے زائد فائر ایمرجنسیز پر رسپانس کیا جا چکا ہے، جبکہ بروقت کارروائیوں کے نتیجے میں 800 ارب روپے سے زائد کے مالی نقصانات سے بچاؤ ممکن ہوا۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ملٹی اسٹوری عمارتوں میں ایمرجنسی ایگزٹ کے راستے ہر صورت کلیئر ہونے چاہئیں۔ تقریباً 2,500 عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا گیا ہے، جبکہ عمارتوں کے وسیع سیفٹی سروے کے بعد پنجاب بلڈنگ سیفٹی ریگولیشنز میں ضروری ترامیم بھی کی گئی ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ کمرشل مارکیٹس میں تقریباً ایک ہزار فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے گئے ہیں، جبکہ ملٹی اسٹوری عمارتوں میں فائر اسپرنکلر سسٹم مؤثر فائر سیفٹی کا اہم ذریعہ ہے۔

 سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے کہا کہ ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے کے موقع پر پنجاب کے تمام ریسکیو 1122 اسٹیشنز پر فرسٹ ایڈ ٹریننگ کی سہولت دستیاب ہے۔ شہری اپنے قریبی ریسکیو 1122 اسٹیشن پر آ کر فرسٹ ایڈ کی تربیت حاصل کر سکتے ہیں۔