لاہور، 12 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ایمرجنسی سروسز کی استعداد کو نیکسٹ لیول پر لے جایا جا رہا ہے، جبکہ ریسکیو 1122 پاکستان میں عالمی معیار کی ایمرجنسی سروس کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی زندگی بچانا ایک تحریک، جدوجہد اور مشن ہے اور فرسٹ ایڈ و لائف سیونگ ٹریننگ کے ذریعے پوری قوم کو اس مشن کا حصہ بنانا ہے۔ وہ ہفتہ کو ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے کے موقع پر منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر سمیت دیگر افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق اور ڈاکٹر رضوان نصیر نے تقریب میں CPR تربیت میں بھی حصہ لیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے کا مقصد ابتدائی امداد کی اہمیت اجاگر کرکے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ آج پورے پنجاب میں بڑی تعداد میں شہری بنیادی لائف سیونگ اور CPR کی تربیت حاصل کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایمبولینس پہنچنے سے پہلے تربیت یافتہ شہری فرسٹ ایڈ فراہم کرکے قیمتی جان بچا سکتے ہیں، کیونکہ ایک ایک سیکنڈ انسانی زندگی کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے۔ ریسکیورز روزانہ مریضوں کی منتقلی، فائر فائٹنگ، فلڈ ریسپانس سمیت مختلف ایمرجنسیز میں شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آگ سے بھرے ڈھانچے میں داخل ہوکر جانیں بچانا غیر معمولی حوصلے کا کام ہے۔ ریسکیو 1122 کے جوان مختلف ایمرجنسیز میں اپنی جان کی پروا کئے بغیر انسانی جانیں بچاتے ہیں جبکہ فائر فائٹنگ، فلڈ اور دیگر ایمرجنسیز میں جانیں قربان کرنے والے ریسکیورز قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ادارہ اکیلے کامیاب نہیں ہوسکتا، پوری قوم کو اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کو سامنے رکھتے ہوئے لائف سیونگ ٹریننگ کو آگے پہنچانا ہوگا۔ فرسٹ ایڈ ٹریننگ کے ذریعے پوری قوم کو لائف سیونگ کے قافلے میں شامل کرنا ہے خواجہ سلمان رفیق نے ڈاکٹر رضوان نصیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں ریسکیورز کے عالمی معیار کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے ذریعے قوم سے اپیل کی کہ زندگی بچانے کے اس نیک مشن میں ریسکیو 1122 کا ساتھ دیں اور لائف سیونگ کے قافلے میں شامل ہوکر انسانی جانیں بچانے میں اپنا کردار ادا کریں











