ممنوعہ پولی تھین بیگز کے خلاف پنجاب کا سخت ایکشن، فیکٹری سیل، 1040 کلوگرام بیگز اور رولز ضبط

4

لاہور، 14 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ممنوعہ پولی تھین بیگز کے خلاف پنجاب انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ پنجاب لاہور فیلڈ آفس کی ٹیم نے شیرا کوٹ، بند روڈ پر ممنوعہ پولی تھین بیگز تیار کرنے والی فیکٹری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے یونٹ کو سیل کر دیا۔

کارروائی کے دوران چوہدری پلاسٹک فیکٹری سے مختلف سائز کے مجموعی طور پر 1040 کلوگرام ممنوعہ پولی تھین بیگز اور پولی تھین رولز ضبط کیے گئے۔  حکام کے مطابق ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر ممنوعہ پولی تھین بیگز اور رولز قبضے میں لے لیے گئے۔

حکام نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے اور ممنوعہ پلاسٹک تیار کرنے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے گرین پنجاب وژن کے تحت ماحول دشمن پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے جبکہ صاف ستھرے اور پلاسٹک فری پنجاب کے لیے ممنوعہ پولی تھین بیگز کے خلافپنجاب کی فیلڈ کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔

پنجاب نے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی صنعتوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ممنوعہ پولی تھین بیگز انسانی صحت اور ماحول دونوں کے لیے خطرناک ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے گرین پنجاب وژن کے تحت ماحول دشمن پلاسٹک کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔