لاہور15ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چائنیز قونصلیٹ کا دورہ کیا اور چین کے قونصل جنرل مسٹر سن یان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چینی کمپنیوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری، دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای وی سیکٹر، صنعت، زراعت اور دیگر شعبوں میں باہمی اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پنجاب میں ٹریکٹرز، سپرسیڈرز، ہارویسٹرز اور دیگر زرعی آلات کی تیاری میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چین کی بڑی کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کی وی وو موبائل فون کمپنی پاکستان میں پہلی بار چپ فریم اور موبائل فون کی مینوفیکچرنگ شروع کر رہی ہے۔ پنجاب میں ٹو ویلرز الیکٹرک گاڑیوں کے متعدد کارخانے لگ چکے ہیں جبکہ لیتھیئم بیٹریوں اور الیکٹرک ٹو ویلرز گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ بھی شروع ہو چکی ہے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چین کی سیرامک انڈسٹری میں بھی مزید توسیع ہو رہی ہے جبکہ چین کے ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چیلنج گروپ کے پنجاب میں دو نئے کارخانوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب چین کی مزید کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا۔ جتنی زیادہ سرمایہ کاری ہوگی، اتنے ہی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین کی تیز رفتار ترقی ہمارے لیے رول ماڈل ہے اور ہم چین کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ فیصل آباد کے سپیشل اکنامک زون میں اگلے دو ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کمیونٹی سینٹر کی تعمیر شروع ہو جائے گی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ رواں ماہ پنجاب سے صنعت کاروں کا وفد ان کی قیادت میں چین کا دورہ کرے گا، جہاں چینی کمپنیوں کے ساتھ پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول اور بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ پنجاب میں چینی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے پاکستان اور چین کے مابین معاشی تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھی مضبوط روابط قائم ہیں۔چینی قونصل جنرل مسٹر سن یان نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور بہترین مواقع موجود ہیں۔ چین کی مزید کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین دوستی اور معاشی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ چین اور پنجاب کے مابین معاشی تعاون بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ملاقات میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور چائنیز قونصلیٹ کے حکام بھی موجود تھے۔











