آسان ٹیکس اسکیم چھوٹے کاروباری طبقے کو ٹیکس نظام میں لانے کا اہم قدم ہے: وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، گرین پلیٹس کا اجراء شروع

4

اسلام آباد، 15 ستمبر(اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ، محصولات و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ آسان ٹیکس اسکیم چھوٹے کاروباری طبقے اور دکانداروں کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، اور حکومت ٹیکس کے نظام کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

‘‘آسان ٹیکس اسکیم پاکستان۔ چھوٹے کاروبار اور دکانداروں کے لیے’’ کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت ملک بھر کے تاجروں اور دکانداروں کی رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ رجسٹرڈ کاروباری افراد کے لیے خصوصی “گرین پلیٹس” کا اجراء بھی شروع کر دیا گیا ہے جو اس بات کی علامت ہوں گی کہ متعلقہ دکان باقاعدہ آسان ٹیکس اسکیم میں شامل ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ آج گرین پلیٹس کی پہلی کھیپ جاری کر دی گئی ہے، جو کسی ایک شہر یا صوبے تک محدود نہیں بلکہ کراچی، لاہور، پشاور، مردان، دادو، بھلوال اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں کے دکانداروں کو فراہم کی گئی ہیں، جو اس اسکیم کے ملک گیر دائرہ کار کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔

بلال اظہر کیانی نے اسکیم کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت رجسٹرڈ دکانداروں کو مختلف آسانیاں اور مراعات فراہم کی جائیں گی، جن میں عمومی آڈٹ سے استثنیٰ، پوائنٹ آف سیل مشین کی لازمی ضرورت سے چھوٹ، اور ودہولڈنگ ایجنٹ بننے کی ذمہ داری سے استثنیٰ شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک تقریباً پانچ ہزار دکاندار اس میں رجسٹریشن کرا چکے ہیں، اور چونکہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ ابھی باقی ہے، اس لیے مزید تاجروں کی شمولیت کی توقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور ایف بی آر کی جانب سے اس اسکیم کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم جاری ہے، اور تاجروں کے نمائندوں کے ساتھ مل کر بازاروں میں رجسٹریشن کا عمل مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔ ایف بی آر افسران تاجروں کے تعاون سے بازاروں اور دکانوں پر جاکر سہولت فراہم کریں گے۔

وزیر مملکت نے تاجروں اور کاروباری نمائندوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور کاروباری برادری مل کر اس اسکیم کو کامیاب بنائیں گے، جس سے نہ صرف ٹیکس بیس وسیع ہوگی بلکہ ملکی ٹیکس ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔