کراچی انڈسٹریل پارک کی ترقی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس، صنعتی پارک کو برآمدات اور معاشی ترقی کا مؤثر مرکز بنانے کے اقدامات کا جائزہ

2

اسلام آباد، 17 ستمبر(اے پی پی):  وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت کراچی انڈسٹریل پارک کی ترقی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں صنعتی پارک کو برآمدات اور معاشی ترقی کے مؤثر صنعتی مرکز میں تبدیل کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کراچی انڈسٹریل پارک کے لیے لینڈ لیز اور مراعاتی پیکیج جلد متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ احد چیمہ نے کہا کہ مجوزہ لینڈ لیز پیکیج میں برآمدی صنعتوں کو ترجیح دی جائے گی جبکہ اراضی کی الاٹمنٹ اور مراعات کی فراہمی کو واضح برآمدی اہداف سے مشروط کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی اراضی اور مراعات کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مناسب احتسابی نظام وضع کیا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ متعدد صنعت کار مناسب مراعات اور سہولیات کی دستیابی پر برآمدی صنعتیں قائم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے صنعتی پارک کو فعال بنانے کے لیے پانی، گیس اور سڑکوں سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی اور رابطہ سڑک کے لیے سندھ حکومت سے رابطہ کیا جائے گا جبکہ وزارتِ پیٹرولیم اور سوئی سدرن گیس کمپنی صنعتی پارک میں گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

احد چیمہ نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ، ایس آئی ایف سی اور وزارتِ صنعت و پیداوار منصوبے کی ترقی میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور کراچی انڈسٹریل پارک کی اراضی کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ منصوبے سے ملکی برآمدات میں اضافے اور پاکستان اسٹیل ملز کی واجب الادا ذمہ داریوں میں کمی میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں مشیرِ وزیراعظم ہارون اختر خان، ڈی جی ایس آئی ایف سی، سیکریٹری قانون اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔