اسلام آباد18ستمبر (اے پی پی):چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ڈپلومیٹک انکلیو کا تفصیلی دورہ کیا اور علاقے میں جاری ترقیاتی، اپ لفٹنگ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا، ان اقدامات کا مقصد ڈپلومیٹک انکلیو میں سیکیورٹی، لینڈ سکیپنگ، بنیادی ڈھانچے، فعالیت اور مجموعی ماحول کو مزید بہتر بنانا ہے۔اس موقع پر ممبر بلڈنگ، ڈی جی ورکس، ڈی جی انفراسٹرکچر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، پروجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے ڈپلومیٹک انکلیو میں جاری مختلف کاموں کا موقع پر معائنہ کیا اور ترقیاتی سرگرمیوں کی رفتار، پیش ر فت اور معیار کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو اب تک ہونے والی پیش رفت، جاری سرگرمیوں اور باقی ماندہ کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اور اپ لفٹ کے کام منظور شدہ ڈیزائن، تکنیکی اور اعلیٰ ترین معیار کے مطابق مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو ایک انتہائی اہم اور حساس علاقہ ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے سفارتی منظرنامے کا اہم حصہ ہے لہٰذا اسے اسلام آباد کی ایک منصوبہ بند، جدید، خوبصورت، محفوظ اور بہترین انتظامی معیار کی حامل وفاقی دارالحکومت کی عکاسی کرنا چاہئے۔ڈپلومیٹک انکلیو کے جاری اپ لفٹ پیکیج میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی بہتری، سیکیورٹی گیٹس اور چیک پوسٹس کی تزئین و اپ گریڈیشن، ویٹنگ ایریاز کی بہتری، باؤنڈری وال سے متعلق کام، سیکیورٹی اور ایل ای ڈی لائٹنگ سسٹمز کی تنصیب و اپ گریڈیشن، فینسنگ اور گرِلز کی بہتری، لینڈ سکیپنگ، درختوں کی تراش خراش، گرین بیلٹس اور میڈیئنز کی بہتری سمیت دیگر متعلقہ انفراسٹرکچر کے کام شامل ہیں۔ڈپلومیٹک انکلیو میں لینڈ سکیپنگ، صفائی، روشنی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ گرین ایریاز، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنائی جائے تاکہ پورا علاقہ صاف ستھرا، خوبصورت، منظم اور خوش آئند نظر آئے۔تمام جاری ترقیاتی اور اپ لفٹ کے کام مقررہ مدت کے اندر تیزی سے مکمل کئے جائیں تاہم کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران سفارتی مشنز، رہائشیوں، مہمانوں اور دیگر متعلقہ افراد کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو اور ان کی روزمرہ سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔سی ڈی اے کے تمام متعلقہ شعبوں کے درمیان مکمل کواڑینشن کو یقینی بناتے ہوئے ترقیاتی کاموں، سیکیورٹی، لینڈ سکیپنگ، سینیٹیشن اور دیکھ بھال کی سرگرمیوں کو مربوط اور منظم انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ لفٹ اور جدید خطوط پر ترقی اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے، عوامی مقامات کو جدید بنانے اور وفاقی دارالحکومت کی شناخت کو خوبصورت، سرسبز، محفوظ، ماحول دوست اور بین الاقوامی سطح پر ایک مثالی وفاقی دارالحکومت کے طور پر مزید مستحکم کرنے کے لئے سی ڈی اے کی وسیع تر کاوشوں کا حصہ ہے۔تمام جاری کاموں کی فیلڈ میں باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل، مطلوبہ معیار اور پیش رفت کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدگی سے پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔سی ڈی اے اسلام آباد کے انفراسٹرکچر، عوامی مقامات اور شہری سہولیات کو مسلسل بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے تاکہ وفاقی دارالحکومت شہریوں، سفارتی مشنز اور بین الاقوامی مہمانوں کے لئے ایک جدید، محفوظ، صاف ستھرا، منظم اور خوش آئند شہر کے طور پر اپنی شناخت مزید مضبوط کر سکے۔











