کھڈیاں خاص میں یوتھ کنونشن۔ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی کا نوجوانوں سے خطاب

5

قصور،21ستمبر(اے پی پی):  قصورکے علاقہ کھڈیاں میں یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں‘وفاقی وزیرمملکت ملک رشیداحمدخاں، چیئرمین پمراپنجاب ورکن صوبائی اسمبلی ملک احمدسعیدخاں نے خصوصی شرکت کی، یوتھ کنونشن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمداحمدخاں نے یوتھ کنونشن سے خطاب میں نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔ نوجوان اگر تعلیم، ہنر اور مثبت سرگرمیوں پر توجہ دیں تو ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ملک محمد احمد خاں نے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج وطن کی حرمت کی محافظ ہے اور نوجوان پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں،  پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ مشکل حالات میں قوم کی مدد کے لیے بھی پاک فوج کی خدمات قابلِ ذکر ہیں جبکہ نوجوان نسل ملک کے دفاع اور ترقی میں اپنا مثبت کرداراداکرنے کیلئے پُرعزم ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے،  نوجوانوں میں جذبہ، صلاحیت اور توانائی موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کیا جائے۔ملک محمد احمد خاں نے نظامِ تعلیم کی بہتری پر بھی خصوصی زور دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں نظامِ تعلیم کی بہتری سے بہت سی مشکلات کا حل نکالاجا سکتا ہے،  معیاری تعلیم ہی ایک ایسے معاشرے کی بنیاد بنتی ہے جہاں نوجوان بہتر مواقع حاصل کرتے ہیں اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں، وقت کی قدر کریں اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔ نوجوان نسل کو مایوسی کے بجائے امید، محنت اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ملک محمداحمدخاں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہے انہیں معیاری تعلیم، بہتر تربیت اور آگے بڑھنے کے موقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تعلیم یافتہ اورہنرمند نوجوان ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں اس  لئے نوجوانوں کی صلاحیتوں کومثبت سمت میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں اور چیئرمین پمراپنجاب ورکن صوبائی اسمبلی ملک احمدسعیدخاں نے بھی کنونشن سے خطاب کیا۔یوتھ کنونشن کے دوران نوجوانوں کی جانب سے بھی بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا گیا۔