نوجوانوں کو قومی فیصلہ سازی اور ترقی کے عمل میں اہم شراکت دار بنانا ہوگا، احسن اقبال کا یوتھ آئیڈییشن لیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب

4

اسلام آباد،22 ستمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج کے فیصلوں کے سب سے بڑے اثرات نوجوان نسل پر مرتب ہوں گے، اس لیے نوجوانوں کو قومی فیصلہ سازی اور ترقی کے عمل میں اہم شراکت دار بنانا ہوگا۔

یوتھ آئیڈییشن لیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے سماجی اور ترقیاتی مسائل کے حل کے لیے نوجوانوں کی بامعنی شمولیت ضروری ہے۔ یوتھ آئیڈییشن لیب کا مقصد نوجوانوں کو محض شکایت کنندہ بنانے کے بجائے مسائل کے عملی اور قابلِ عمل حل تلاش کرنے والا بنانا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور توانائی سمیت کئی بڑے چیلنجز پر قابو پایا ہے، تاہم آبادی میں اضافہ، غذائی قلت، صحت کے مسائل اور تقریباً ڈھائی کروڑ بچوں کا اسکولوں سے باہر ہونا اب بھی بڑے سماجی چیلنجز ہیں۔ ان مسائل کے حل کے لیے حکومت اور نوجوانوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان کا مقصد بھی عوام کی زندگیوں میں بہتری اور سماجی اشاریوں کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ سیاسی ٹاک شوز سے آگے بڑھ کر ملکی ترقی اور عوامی مسائل پر توجہ دے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ مکالمے کو فروغ دے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ بانو شاہین کے تحت ملک بھر میں نوجوانوں کو مثبت سماجی تبدیلی کے لیے متحرک کیا جا رہا ہے۔ یوتھ پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کور کے ملک کے مختلف علاقوں میں موجود 159 چیپٹرز کے ذریعے نوجوانوں کو منظم کیا جائے گا، جبکہ اس عمل کے تحت ایک لاکھ یونیورسٹی طلبہ کو اپنی کمیونٹیز میں مثبت سماجی سرگرمیوں میں شامل کرنے کا ہدف ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یوتھ آئیڈییشن لیب میں نوجوانوں کو پیچیدہ مسائل کے بنیادی اسباب سمجھنے اور ان کے حل کے لیے جدید طریقہ کار سے روشناس کرایا جائے گا۔ لیب کے تحت ماہانہ انوویشن اسپرنٹس، ٹی ای ڈی ٹاکس، پالیسی لیبز اور ڈریگنز ڈین طرز کے پروگرامز منعقد ہوں گے تاکہ نوجوان اپنے آئیڈیاز کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرسکیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ یوتھ آئیڈییشن لیب اور بانو شاہین کے ذریعے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور خیالات کو پاکستان کے مستقبل کی تشکیل سے جوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک سال کے دوران یوتھ آئیڈییشن لیب کے ذریعے پاکستان  2047  کے وژن کی تشکیل میں نوجوانوں کو براہ راست شامل کیا جائے گا۔