لاہور میں انسدادِ پولیو مہم جاری، تین روز میں 13 لاکھ 29 ہزار 714 بچوں کو قطرے پلائے گئے

1

 

لاہور، 24 ستمبر (اے پی پی): انسدادِ پولیو مہم کے جائزہ اجلاس سے خطاب ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ لاہور کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے انسدادِ پولیو مہم بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی اور فیلڈ میں پولیو ٹیموں کی کڑی مانیٹرنگ و سپروائزری کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان نے ڈی سی لاہور کو انسدادِ پولیو مہم کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے پہلے تین دنوں کے دوران مقررہ 14 لاکھ بچوں کے ہدف میں سے 13 لاکھ 29 ہزار 714 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق تین روز میں 10 لاکھ گھروں کے ہدف میں سے 9 لاکھ 15 ہزار 436 گھروں کی کوریج مکمل کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ قطرے پلانے سے انکار کے 281 کیسز میں سے 250 بچوں کو کور کر لیا گیا ہے جبکہ باقی کیسز میڈیکل ریفیوزل کے ہیں۔

کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔

ڈی سی لاہور نے کہا کہ لاہور میں انسدادِ پولیو مہم کے لیے بہترین اور منظم حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ لاہور کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے ساتوں دن بھرپور مہم جاری رکھی جائے گی اور کسی بھی پانچ سال تک کے بچے کو پولیو ویکسین کے قطروں سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔