ورلڈ بینک کے وفد کی آفس آف اے آئی پنجاب آمد، مشیر وزیراعلیٰ علی ڈار سے ملاقات

2

لاہور، 25 ستمبر (اے پی پی): ورلڈ بینک گروپ کے ریجنل ڈائریکٹر برائے اے آئی مشیل روگی کی قیادت میں وفد نے آفس آف اے آئی پنجاب کا دورہ کیا اور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب کے اے آئی اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایجنڈے، ڈیجیٹل گورننس اور علم و تجربات کے تبادلے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 علی ڈار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی کو بہتر حکمرانی اور عوامی خدمت سے جوڑا جا رہا ہے۔ اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر، تیز اور عوام دوست بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈیٹا پر مبنی گورننس کے ذریعے حکومتی فیصلہ سازی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جبکہ اے آئی وژن 2029 پنجاب کے ڈیجیٹل مستقبل اور جدید طرز حکمرانی کا جامع روڈ میپ ہے۔ مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں اے آئی کو محض ٹیکنالوجی کے طور پر نہیں بلکہ عملی حکومتی نتائج کے حصول کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

 اے آئی کے استعمال سے ادارہ جاتی استعداد بڑھانے اور سرکاری نظام میں کارکردگی بہتر بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ علم اور تجربات کا تبادلہ پنجاب کے اے آئی ایجنڈے کو مزید مضبوط کرے گا۔ پنجاب کو جدید، ڈیٹا ڈرائیون اور اے آئی سے فعال حکمرانی کی جانب تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

 ملاقات میں ورلڈ بینک گروپ کے ساتھ اے آئی، ڈیجیٹل گورننس اور علم کے تبادلے کے شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔