نشتر روڈ قبرستان میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، غیر قانونی تعمیرات مسمار

6

ملتان، 26 ستمبر(اے پی پی ):: ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ملتان کا تجاوزات مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان کی سربراہی میں نشتر روڈ قبرستان میں خصوصی آپریشن کیا گیا۔

آپریشن کے دوران قبرستان کی اراضی پر قائم پختہ غیر قانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا، جبکہ تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ انتظامیہ کی کارروائی کے نتیجے میں قبرستان کی اراضی کو تجاوزات سے پاک کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ قبرستانوں، سرکاری اراضی اور عوامی گزرگاہوں پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہریوں کو تجاوزات کے باعث درپیش مشکلات کا خاتمہ ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کی روانی اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا۔ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے قانون کے مطابق سخت اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔