وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے درمیان مذاکرات کامیاب

6

لاہور 30 ستمبر ( اے پی پی ) :وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔

وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کا مشترکہ ویڈیو بیان جاری کر دیا گیا، جس میں وزیر ٹرانسپورٹ نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب کی یقین دہانی پر  گڈز ٹرانسپورٹ نے  ملک گیر ہڑتال  15 اکتوبر تک موخر کر دی۔اگست میں کیے گئے مذاکرات کے تحت دس ویلر گاڑیوں کو 35 ٹن وزن کی اجازت پر پنجاب بھر میں عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی گئی۔

مشترکہ ویڈیو بیان کے مطابق اگست میں ہونے والے مذاکرات کے تحت دس ویلر گاڑیوں کو 35 ٹن وزن کی اجازت دینے کے فیصلے پر پنجاب بھر میں عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو اقدامات کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

 ملک شہزاد اعوان نے  ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر مثبت پیشرفت پر وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب کو خراج تحسین  پیش کیا اور کہا کہ

ڈائریکٹ HTV ڈرائیونگ لائسنس کے وعدے پر بھی جلد عملدرآمد شروع ہوگا۔پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی، پنجاب حکومت کی یقین دہانیوں پر اعتماد کرتے ہوئے ہم نے 15 اکتوبر تک پنجاب حکومت کو وقت دیا ہے۔امید ہے پنجاب حکومت کیے گئے تمام وعدوں پر مکمل عملدرآمد کرے گی، ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات اور رابطے جاری رکھیں گے۔ مذاکرات میں نثار حسین جعفری،بختاور خان ،پیر مشتاق موجود تھے۔