اسلام آباد، 05 اکتوبر ( اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن (PTF)
کے صدر اعصام الحق قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ 15,000 ڈالر کی انعامی رقم کے دو ویمنز ٹینس چیمپئن شپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اعصام الحق قریشی ویڈیو پیغام میں بتایا کہ یہ ٹورنامنٹس دو ہفتے تک جاری رہیں گے، جس کے فوراً بعد 21 اکتوبر سے تاریخی ‘بلی جین کنگ کپ’ کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے اسے پاکستان اور قومی ٹینس کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
صدر پی ٹی ایف نے شائقینِ کھیل سے اپیل کی کہ وہ اسٹیڈیم آ کر پاکستان کی نمائندگی کرنے والی کھلاڑیوں—مہین آفتاب، اشناء سہیل، رومیسہ ملک، ہاجرہ اور مہک کھوکھر—کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس ایونٹ اور مہینے کے دوران جمع ہونے والے فنڈز کا 60 فیصد حصہ بریسٹ کینسر (چھاتی کے کینسر) کی آگاہی کے لیے اور 40 فیصد حصہ ویمنز ٹینس اور خواتین کی ترقی کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔ ایونٹ میں تمام شائقین کے لیے داخلہ آزاد ہے۔











