وزیراعظم کی قائم کردہ پمز اصلاحاتی کمیٹی نے کام کا آغاز کردیا

9

اسلام آباد، 7 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کی جانب سے پمز میں اصلاحات کے لیے قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کے انتظامی، طبی اور گورننس نظام میں بہتری کے لیے مختلف اصلاحاتی تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ بیرسٹر نبیل اعوان اجلاس میں شریک ہوئے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل چوہدری عامر رحمان، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سید طارق رفیع، ایڈیشنل سیکریٹری صحت لیئق احمد، میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر تنویر خالق اور جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) عظمت محمود بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس میں پمز کی موجودہ انتظامی و طبی کارکردگی، انتظامی خلا، گورننس کے مسائل اور ادارہ جاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پمز میں صحت کی خدمات کے معیار، مریضوں کی حفاظت، طبی سہولیات اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔

کمیٹی نے پمز کے لیے پائیدار تنظیم نو، مؤثر انتظامی ڈھانچے اور خودمختار و شفاف گورننس فریم ورک کی تشکیل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

کمیٹی نے پمز اصلاحات کے لیے واضح قانونی بنیاد پر قابل عمل نظام وضع کرنے اور اصلاحات کو عملی شکل دینے کے لیے واضح قانونی و انتظامی فریم ورک تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔

کمیٹی نے اس امر کا تعین کرنے پر بھی اتفاق کیا کہ مجوزہ تبدیلیاں کس قانون، قواعد اور قانونی اختیار کے تحت نافذ کی جائیں گی۔