لودھراں میں مرکزی بازار کی خوبصورتی برقرار رکھنے کیلئے تجاوزات کے خاتمے پر فوکس

3

لودھراں،7 اکتوبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے شہر میں پرائس چیکنگ، صفائی و ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی بازار کا دورہ کیا۔ انہوں نے بازار میں صفائی، کاروباری امور اور بیوٹیفکیشن کا جائزہ لیا جبکہ تاجروں اور دکانداروں سے بھی مختلف امور پر گفتگو کی۔ پیرا فورس کے افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ خرید و فروخت کیلئے رکھا جانے والا سامان اپنی مقررہ حدود میں رکھا جائے اور بازار کی حدود میں کسی قسم کی تجاوزات قائم نہ کی جائیں۔ انہوں نے دورے کے دوران تجاوزات کی مد میں آنے والے سامان کی خود نشاندہی کی اور مرکزی بازار میں تجاوزات کی صورت میں موجود سامان کو تحویل میں لینے کی ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لودھراں کے بازاروں کو جدید طرز پر ڈھالا گیا ہے۔ بیوٹیفکیشن کے بعد کسی کو من مانیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاجر مرکزی بازار میں قانون و ضوابط کی مکمل پاسداری کریں۔انہوں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن سے بازاروں کی ان اور آؤٹ لک میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ جدید سہولیات کی فراہمی سے بازاروں کے بیشتر مسائل حل ہوئے ہیں۔ مرکزی بازار میں مزید سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ صفائی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی معاملات میں بھی پیش رفت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے تاجروں اور دکانداروں پر زور دیا کہ وہ شہر کی خوبصورتی، صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں میں بھرپور تعاون کریں تاکہ مرکزی بازار کو مزید منظم، صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جا سکے۔