اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی وزارت داخلہ آمد،محسن نقوی سے ملاقات میں امن مشنز اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

2

اسلام آباد، 08 اکتوبر (اے پی پی): اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں عالمی و علاقائی صورتحال اور امن مشنز کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ لڑ رہا ہے، افغانستان میں اس وقت 25 دہشتگرد تنظیمیں کام کر رہی ہیں جو دنیا کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں، عالمی برادری کو اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا، پاکستانی پولیس کے افسران اور اہلکار اقوام متحدہ پولیس میں بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، پاکستان نے امن مشنز میں 181 جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کی اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شرکت ہمیشہ نمایاں رہی ہے، دنیا کے امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔

وزیر داخلہ نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی بھرپور امداد پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں اسپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔