گورو رام داس جی کا 492واں جنم دن لاہور میں منایا گیا، پاکستان اور بیرون ملک سے سکھ یاتریوں کی شرکت

3

لاہور، 9 اکتوبر (اے پی پی): متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام سکھ مذہب کے بانی شہر لاہور میں واقع جنم استھان گورو رام داس جی، چونا منڈی میں گورو رام داس جی کا 492واں جنم دن مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، جس میں پاکستان بھر سمیت برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا سے آئے سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔

سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی سیکرٹری جنرل ستونت کور، سردار تارا سنگھ، ڈاکٹر ممپال سنگھ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔اس موقع پر ناصر مشتاق نے کہا کہ گورو رام داس جی کا پیغام امن، بھائی چارے، محبت، مساوات اور خدمتِ انسانیت کا پیغام ہے۔ گورو رام داس جی کی جائے پیدائش لاہور میں ہونا پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کی سہولت اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے جنم استھان گورو رام داس جی کی توسیع کی جا رہی ہے۔ گوردوارہ صاحب سے متصل 13 مرلہ کمرشل پلاٹ کو گوردوارے میں شامل کرکے توسیعی منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ گوردوارے کی توسیع کے اعلان پر سکھ برادری نے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ارکان اور دیگر شخصیات نے چیئرمین اور سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ سے اظہار تشکر کیا۔

سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ نے کہا کہ پاکستان سکھ برادری کے مقدس مقامات کے تحفظ اور دیکھ بھال کے لیے پرعزم ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ان کے لیے رہائش، لنگر اور طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین قمر الزمان کی ہدایات پر یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور ان کی سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ پاکستان میں سکھ مذہب کے مقدس مقامات ملک کے مذہبی اور ثقافتی ورثے کا اہم حصہ ہیں، جن کا تحفظ اور دیکھ بھال خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

ناصر مشتاق نے بھارت سے بھی اپیل کی کہ گورو رام داس جی کے جنم دن کے موقع پر سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے مذہبی تہوار میں شرکت اور مقدس مقامات کی زیارت کر سکیں۔