ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کا میونسپل سٹیڈیم لودھراں کا دورہ، ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت

11

لودھراں،14 اکتوبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے میونسپل سٹیڈیم لودھراں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر و ایم ڈی ستھرا پنجاب لیاقت علی گیلانی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عمر مختار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ میونسپل سٹیڈیم حکومت پنجاب کا اہم اثاثہ ہے،جس کی تزئین و آرائش اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بھرپور وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو بہتر کھیلوں کی سہولیات میسر آ سکیں۔  انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور سٹیڈیم سمیت اطراف کے علاقوں میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کے لیے خصوصی سکواڈ تعینات کیا جائے جبکہ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد ملبہ فوری طور پر اٹھایا جائے تاکہ شہریوں اور کھلاڑیوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ سٹیڈیم کے اطراف تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہ دی جائے اور تمام متعلقہ امور کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ صفائی اور انتظامی معاملات کو بھی بہتر بنایا جائے تاکہ میونسپل سٹیڈیم کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے ایک بہترین مقام بنایا جا سکے۔