اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم؛ ملتان ڈویژن میں 337 مستحق افراد کو پہلی قسط کے پے آرڈرز جاری

6

ملتان، 14 اکتوبر(اے پی پی): اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم کے تحت مستحق افراد کو زرعی اراضی آباد کرنے اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مالی معاونت کی فراہمی جاری ہے۔ اسکیم کے تحت ملتان ڈویژن میں مجموعی طور پر 518 افراد کو زمین الاٹ کی گئی ہے، جبکہ اب تک 337 مستحق افراد میں پہلی قسط کے پے آرڈرز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ ہر مستحق فرد کو 25 ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے پہلی قسط فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ الاٹ شدہ اراضی کو قابلِ کاشت بنانے اور زرعی سرگرمیوں کا آغاز کر سکیں۔

اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود، روزگار کی فراہمی اور کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم اسی سلسلے کی اہم کاوش ہے، جس کا مقصد مستحق افراد کو معاشی طور پر خودمختار بنانا اور انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستفید ہونے والے افراد حکومتی سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مالی معاونت کو الاٹ شدہ زمین آباد کرنے کے لیے استعمال کریں تاکہ اسکیم کے مثبت نتائج سامنے آئیں اور مستحق خاندانوں کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔کمشنر نے مزید کہا کہ اس طرح کے فلاحی منصوبوں سے مستحق افراد اپنی معاشی حالت بہتر بنانے کے ساتھ ملکی زراعت اور معیشت کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔