لاہور،14اکتوبر:( اے پی پی ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے انرجی سیکٹر سے وابستہ چین کی سرمایہ کار کمپنی پاورچائنا کے وفد نے ملاقات کی۔پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر ہونے والی ملاقات میں پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔
چین کے سرمایہ کار گروپ نے پنجاب کے سپیشل اکنامک زون میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہرکی۔ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیاء ریجن مسٹر یاؤ چین یانگ نے کہاکہ ہمارے گروپ نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے،ہماری کمپنی بھاشا ڈیم پر بھی کام کررہی ہے۔پنجاب کے سپیشل اکنامک زون میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح بن چکے ہیں۔چین سمیت دیگر غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں نے پنجاب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے،مزید غیر ملکی کمپنیاں بھی پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے آرہی ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب کے ای وی، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔چین کا گروپ پنجاب کے کسی بھی سپیشل اکنامک زون میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے،ہر ممکن سہولت دیں گے۔پنجاب حکومت نہروں پر چھوٹے ہائیڈل پاور پراجیکٹس کی بھی پلاننگ کر رہی ہے۔پاورچائنا پنجاب کی نہروں پر ہائیڈل پاور کے چھوٹے منصوبے بھی لگا سکتا ہے۔سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور انکی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔پاور چائنا پنجاب میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کرے اور خصوصی اقتصادی زونز میں دستیاب سہولتوں سے فائدہ اٹھائے۔چیئرمین پیڈمک اعظم شہزاد،سی او او علی معظم،پنجاب ایشیا انویسٹمنٹ اینڈ کو آپریشن آفس کے سربراہ وہاب طارق بٹ، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر متعلقہ افسران ملاقات میں موجود تھے۔
پاوور چائنا گروپ کے دیگر حکام کے علاوہ ان کے مقامی پارٹنر سی ای او کماک گروپ آف کمپنیز محمد ارسلہ خان اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ڈی او سید کوثر عباس اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔











