فیلڈ مارشل عاصم منیر سے روسی وزیر داخلہ کی جی ایچ کیو میں ملاقات، سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

5

راولپنڈی، 14 اکتوبر (اے پی پی): فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے روسی فیڈریشن کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، جس میں دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ انہوں نے پاکستان اور روس کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان قریبی ادارہ جاتی روابط اور بہتر ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے روس کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں، بالخصوص سیکیورٹی کے میدان میں عملی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

معزز مہمان نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔