اسلام آباد، 15 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت قومی ماربل و قدرتی پتھر پالیسی 2026-2030 کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ماربل کی صنعت کی ترقی، ویلیو ایڈیشن، فنشنگ کے معیار میں بہتری اور برآمدات بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت ماربل کی برآمدات بڑھانے اور صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماربل کی فنشنگ، ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے فروغ کے لیے چار تکنیکی گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت وزیراعظم کی قیادت میں ماربل کی صنعت کو درپیش مسائل کے حل اور اس کی برآمدی صلاحیت بڑھانے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ پاکستانی ماربل کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرکے بین الاقوامی منڈیوں میں اس کی مسابقت اور برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں نجی شعبے کے نمائندوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی کمی اور دھماکوں کے ذریعے پتھر نکالنے سے ماربل کی بڑی مقدار ضائع ہو جاتی ہے، جبکہ لاجسٹکس کے مسائل، ویلیو ایڈیشن کی کمی اور محدود برآمدی مواقع بھی صنعت کی ترقی پر اثرانداز ہوتے ہیں۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ماربل کی فنشنگ اور معیار کو بہتر بنا کر عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت بڑھائی جا سکتی ہے۔ نجی شعبے کے نمائندوں نے کہا کہ صنعت کے فروغ اور عالمی خریداروں تک رسائی کے لیے خصوصی نمائش کا انعقاد ضروری ہے۔
اجلاس میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی کہ ماربل پر ہاتھ سے تیار کردہ نقش و نگار اور دستکاری کی مصنوعات زیادہ قدر رکھتی ہیں۔ ماربل کو پائیدار قدرتی پتھر قرار دیتے ہوئے اس کے استعمال اور افادیت سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل، سیکریٹری صنعت و پیداوار احسن علی منگی، سی ای او پاسڈیک، ایڈیشنل سیکریٹری، جوائنٹ سیکریٹری اور نجی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔











