چیئرمین سینیٹ  سے سیکرٹری خارجہ کی ملاقات، عالمی روابط کے فروغ میں پارلیمانی سفارت کاری کے کردار پر زور

6

 

اسلام آباد، ا15 کتوبر(اے پی پی): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد نے بروز جمعرات پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کو آگے بڑھانے اور بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی سفارت کاری اور باضابطہ سفارتی ذرائع کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سیکرٹری خارجہ کا خیرمقدم کیا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عاصم افتخار احمد کا سفارتی تجربہ اور پیشہ ورانہ مہارت پاکستان کے خارجہ پالیسی کے مقاصد کے حصول اور قومی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے مسلسل سفارتی روابط، تعمیری مکالمہ اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون ناگزیر ہیں۔ انہوں نے سیاسی ہم آہنگی کے فروغ، ادارہ جاتی روابط کے قیام اور بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں پارلیمانی سفارت کاری کے معاون کردار کو اجاگر کیا۔

تنزانیہ میں بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے 153ویں اجلاس میں شرکت اور حالیہ دوطرفہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمانی روابط مختلف نقطہ ہائے نظر کے تبادلے، دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور علاقائی و عالمی امور پر تعاون کے فروغ کے اہم مواقع فراہم کرتے   ہیں۔ انہوں نے انٹرپارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے اپنے کردار کا بھی ذکر کیا، جو مختلف ممالک کی پارلیمانی قیادت کے درمیان مکالمے اور تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کا عکاس ہے۔

ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو مؤثر بنانے، بین الاقوامی شراکت داری کو وسعت دینے اور علاقائی و عالمی اہمیت کے امور پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے کے لیے سینیٹ اور دفتر خارجہ کے درمیان مؤثر رابطہ کاری ضروری ہے۔ سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد نے پرتپاک خیرمقدم پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور عالمی سطح پر پارلیمانی سفارت کاری اور مسلسل روابط کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں ان کی خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی، سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر اور چیئرمین سینیٹ کے مشیر و آئی ایس سی کے سفیر مصباح کھر بھی موجود تھے۔