موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت اور آفات سے نمٹنے کے موضوع پر بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ کا افتتاح

4

اسلام آباد، 15 اکتوبر (اے پی پی): اسلام آباد میں اختر حمید خان نیشنل سینٹر فار رورل ڈویلپمنٹ اور ایشین افریقن رورل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن  کے اشتراک سے آفات سے نمٹنے اور موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت کے موضوع پر بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔

ورکشاپ میں ایشیائی اور افریقی ممالک کے 22 سینئر حکام شرکت کر رہے ہیں۔ تربیتی ورکشاپ کا مقصد آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے مطابقت پیدا کرنا اور متعلقہ شعبوں میں تجربات کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔

اختر حمید خان نیشنل سینٹر فار رورل ڈویلپمنٹ، محکمہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذیلی ادارے کے طور پر دیہی ترقی کے فروغ کے لیے تربیت اور تحقیق کے مختلف پروگرام منعقد کرتا ہے۔

یہ بین الاقوامی تربیتی ورکشاپ 22 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گی، جس میں شریک ممالک کے حکام کو آفات کے انتظام اور موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی۔