وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے نومنتخب سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی کی ملاقات

4

اسلام آباد,16 اکتوبر ) اے پی پی ): مملکتِ سعودی عرب کے نو تعینات سفیر، ڈاکٹر راجح طامی البقمی نے جمعہ کو  وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد پر سفیر کا خیرمقدم کیا، انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کی سفارتی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے موجودہ ادارہ جاتی میکانزم کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے مملکتِ سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کی، جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور پاکستانی شہریوں سمیت متعدد بے گناہ افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ‘ اور ’مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد‘ دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، مملکتِ سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کو فراہم کی جانے والی طویل مدتی اقتصادی اور مالی معاونت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سفیر کے لیے ان کی ذمہ داریوں میں کامیابی کی دعا کی اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔