وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی توانائی کے شعبے میں مالی استحکام، کارکردگی میں بہتری اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ

3

اسلام آباد، 19 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان کے گیس سیکٹر کو جدید، مؤثر اور مسابقتی بنانے کے لیے اصلاحات، تنظیم نو اور ڈی ریگولیشن کے مجوزہ لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں توانائی کے شعبے میں مالی استحکام، آپریشنل کارکردگی میں بہتری، صارفین کے مفادات کے تحفظ اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ دی گئی۔

اجلاس میں گیس مارکیٹ کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل کے حوالے سے مرحلہ وار اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے مؤثر ریگولیٹری نظام، گیس کی فراہمی میں بہتری اور قیمتوں کے تعین کے لیے پائیدار حکمت عملی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اجلاس میں گیس سیکٹر کی تنظیم نو کے ذریعے کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مارکیٹ میں مسابقت کو فروغ دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گیس کی طلب و رسد میں توازن، وسائل کے مؤثر استعمال اور توانائی کے شعبے میں پائیدار ترقی کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

مجوزہ اصلاحاتی فریم ورک کے تحت توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے، نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے، کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست لین دین کو فروغ دینے، برآمدکنندگان کو مسابقتی نرخوں پر گیس کی دستیابی بہتر بنانے اور نظام کی مجموعی کارکردگی میں اضافے پر زور دیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مؤثر رابطے اور ہم آہنگی کے ذریعے اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ حکمت عملی کو پاکستان کے ادارہ جاتی ڈھانچے، مارکیٹ کی ضروریات اور صارفین کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے قابل عمل بنایا جائے گا۔

اجلاس میں ترکیہ اور برطانیہ میں گیس سیکٹر کی اصلاحات کے تجربات سے استفادہ کرنے اور پاکستان کے حالات کے مطابق بہترین طریقہ کار اپنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اصلاحات پر مرحلہ وار عمل درآمد کے ذریعے گیس کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے، صارفین کے مفادات کے تحفظ اور نجی شعبے کی شمولیت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجوزہ اصلاحاتی فریم ورک وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا، جس کے بعد متعلقہ اداروں اور فریقوں کی مشاورت سے مزید تکنیکی امور کو حتمی شکل دی جائے گی تاکہ گیس سیکٹر میں پائیدار ترقی، سرمایہ کاری اور مسابقت کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر پٹرولیم، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی، وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام، گیس کمپنیوں کے نمائندوں اور عالمی بینک کی ٹیم نے شرکت کی۔