اسلام آباد، 20 اکتوبر (اے پی پی): سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کے ہمراہ پارلیمنٹ لاجز سے ملحقہ 104 اضافی فیملی سوئٹس کے منصوبے کا دورہ کیا اور وہاں جاری فنشنگ، فرنیچر کی تنصیب اور تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے سینئر حکام نے سپیکر قومی اسمبلی کو منصوبے پر ہونے والی پیش رفت اور باقی ماندہ کام کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے سوئٹس میں فنشنگ، فرنیچر، تزئین و آرائش کے معیار کا تفصیلی معائنہ کیا۔2011ء میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ 2013ء میں مکمل ہونا تھا، تاہم تقریباً ایک دہائی تک تعطل کا شکار رہا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے منصوبے کی پیش رفت پر مسلسل توجہ کے باعث تعمیراتی کام میں تیزی آئی، جس کے نتیجے میں طویل عرصے سے زیر التوا 104 فیملی سوئٹس کا منصوبہ اب تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری قومی اسمبلی، اسپیشل سیکرٹری (پارلیمانی سفارت کاری و پروٹوکول)، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر اعلیٰ افسران اور سی ڈی اے کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔











