اسلام آباد میں ’بیلی جین کنگ کپ‘ (بی جے کے سی) ایشیا/اوشیانیا گروپ III (بی) 2026 کے سلسلے میں کپتانوں کا اجلاس

9

اسلام آباد، 20 اکتوبر (اے پی پی): اسلام آباد میں ’بیلی جین کنگ کپ‘ (بی جے کے سی) ایشیا/اوشیانیا گروپ III (بی) 2026 کے سلسلے میں کپتانوں کا اجلاس، ٹورنامنٹ کی باضابطہ ڈرا کی تقریب اور ٹرافی کی رونمائی تقریب منعقد ہوئی، جو پاکستان کی ٹینس تاریخ میں پہلی بار خواتین کے اس باوقار بین الاقوامی ٹیم ٹینس ٹورنامنٹ کی میزبانی کا اہم سنگِ میل ہے۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے صدر اعصام الحق قریشی، کویت ٹینس فیڈریشن کے صدر عبدالرضا جے الغریب، سیکرٹری جنرل پی ٹی ایف کرنل (ر) ضیاء الدین طفیل، ورلڈ ٹینس ریفری جیمن یو اور ڈائریکٹر پی ٹی ایف کرنل گل رحمان سمیت پی ٹی ایف اور ہوٹل انتظامیہ کے عہدیداروں،  37th نارتھ کے نمائندوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایونٹ میں آٹھ شریک ممالک  ، بحرین، بھوٹان، ایران، اردن، کویت، مالدیپ، پاکستان اور قطر کے کپتانوں اور نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی نے تمام غیر ملکی وفود اور کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا اور پاکستان کو اس تاریخی ایونٹ کی میزبانی سونپنے پر ورلڈ ٹینس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اعلیٰ سطح کے بین الاقوامی مقابلے کا انعقاد پاکستان کی بین الاقوامی ایونٹس منعقد کرنے کی صلاحیت اور خواتین ٹینس کے فروغ کا مظہر ہے، جس سے مقامی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی حریفوں کے خلاف کھیلنے کے قیمتی مواقع ملیں گے۔  یہ ٹورنامنٹ کل 21 اکتوبر 2026 سے پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے۔