27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منانے کے سلسلے میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

7

اسلام آباد، 21 اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفرون انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر کونسل اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ منانے کے سلسلے میں تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔

 اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ 27 اکتوبر کو  یومِ سیاہ پاکستان بھر میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھارتی ظلم و جبر کے خلاف ثابت قدمی اور مسلسل جدوجہد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔  انہوں نے کہا کہ وزارت امور کشمیر نے 27 اکتوبر کو  یومِ سیاہ کو بھرپور اور مؤثر انداز میں منانے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس سال 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ پہلے سے زیادہ جوش و جذبے اور بھرپور انداز میں منایا جائے گا تاکہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کی مشکلات اور ان کے حقِ خودارادیت کے مطالبے سے آگاہ کیا جا سکے۔

انجینئر امیر مقام نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر کو ایک متفقہ اور بھرپور پیغام دنیا تک پہنچایا جائے گا۔

اس موقع پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما ایڈووکیٹ پرویز نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی ایک ہیں اور دونوں کے درمیان مضبوط رشتہ موجود ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حریت کانفرنس کی قیادت یومِ سیاہ کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تمام ریلیوں اور تقریبات میں بھرپور شرکت کرے گی۔

اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت دفاع، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت مواصلات، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، محکمہ ڈاک، وزارت تعلیم، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت ریلوے، وزارت قومی ورثہ و ثقافت، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس، لوک ورثہ، راولپنڈی آرٹس کونسل، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ، اسلام آباد پولیس، اسلام آباد ٹریفک پولیس، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد سمیت مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم پاکستان کے معاون برائے امور کشمیر شبیر احمد عثمانی، سیکرٹری امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفرون سید ظفر علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری کامران رحمان خان، جوائنٹ سیکرٹری امور کشمیر منور حسین، جوائنٹ سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر کونسل علی اکبر خٹک، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما ایڈووکیٹ پرویز سمیت مختلف وزارتوں اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔