اسلام آباد، 21 اکتوبر (اے پی پی): ناروے کے سفیر سگوالڈ ہاؤگ نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف سے ملاقات کی، جس میں اسلام آباد کو جدید، خوبصورت اور ماحول دوست دارالحکومت بنانے، شہری سہولیات میں بہتری اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے اسلام آباد کو ایک جدید اور مثالی دارالحکومت بنانے کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے شہر میں شہری ترقی، ماحولیاتی تحفظ،شجرکاری، کھیلوں کے فروغ اور سیاحتی سہولیات کی بہتری کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ گریڈیشن اور شہری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے سی ڈی اے کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ناروے کے سفیر سگوالڈ ہاؤگ نے اسلام آباد کی ترقی، خوبصورتی اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے سی ڈی اے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔











