اسلام آباد، 21 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر امور کشمیر ، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے پاکستان میں اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی نمائندہ نوریکو تاکاگی کا خیرمقدم کیا اور انہیں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان حقیقی انسانی ہمدردی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے قومی قوانین اور پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان اور یو این ایچ سی آر کے درمیان دیرینہ تعاون کو تسلیم کیا اور گزشتہ چار دہائیوں کے دوران ادارے کی معاونت اور تعاون کو سراہا۔
یو این ایچ سی آر کی نمائندہ نے افغان مہاجرین کے لیے پاکستان کی دیرینہ مہمان نوازی کو سراہا اور حکومت کے پالیسی فریم ورک کا اعتراف کیا۔ ملاقات کا اختتام اس مشترکہ فہم کے ساتھ ہوا کہ حکومتِ پاکستان اور یو این ایچ سی آر کے درمیان مسلسل رابطے، باہمی تعاون اور مؤثر رابطہ کاری کو برقرار رکھنا اہم ہے، جبکہ قومی قوانین، حکومتی پالیسیوں، انسانی ہمدردی کے تقاضوں اور قابلِ اطلاق بین الاقوامی ذمہ داریوں کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔
ملاقات میں وزارتِ کشمیر امور، گلگت بلتستان اور سیفران کے سیکریٹری سید ظفر علی شاہ، اور ایڈیشنل سیکریٹری کامران رحمان خان, چیف کمشنر افغان مہاجرین (سی سی اے آر) اور یو این ایچ سی آر کے نمائندگان نے شرکت کی۔











