حسین آگاہی بازار کی تزئین و آرائش، اپ گریڈیشن کے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت

7

ملتان،24 اکتوبر (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی بیوٹیفکیشن سکیم کے تحت تاریخی حسین آگاہی بازار کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے جاری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو کام کے معیار اور تکمیل میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ حسین آگاہی بازار سے ملحقہ گلیوں کے گھروں پر سی این سی ڈیزائن کے خوبصورت محراب نصب کیے جائیں، جبکہ پارکنگ ایریاز میں گلوب لائٹس اور دونوں پارکنگ اسٹینڈز پر مناسب روشنی کا انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ان کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حسین آگاہی بازار کی تاریخی اہمیت اور خوبصورتی کو مدنظر رکھتے ہوئے عمارتوں کے بیرونی حصوں، کھڑکیوں، دروازوں اور اشتہاری بورڈز کو بہتر انداز میں ترتیب دیا جائے تاکہ بازار کا مجموعی منظر دلکش اور منظم بنایا جا سکے۔کمشنر نے والڈ سٹی اتھارٹی کو اپنے ذمے تمام نامکمل کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی بازار کی تزئین و آرائش کے منصوبے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے اور تمام ترقیاتی اقدامات میں معیار کو ترجیح دی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی بیوٹیفکیشن سکیم کے تحت تاریخی حسین آگاہی بازار کی خوبصورتی اور اپ گریڈیشن کے اقدامات جاری ہیں، جن کا مقصد شہر کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے ساتھ شہریوں اور بازار آنے والے افراد کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن و ضلع کونسل اقبال خان بھی کمشنر کے ہمراہ تھے۔