دینہ: وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی کھلی کچہری ،عوام کے انفرادی و اجتماعی مسائل سنے

2

دینہ، 24 اکتوبر ( اے پی پی):وزیر مملکت  برائے خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے دینہ میں کھلی کچہری منعقد کی۔

وزیر مملکت نے پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک عوامی مسائل سنے اور موقع پر حل کے لیے اقدامات کیے۔ خواتین، بزرگوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ایک ایک شخص کو تسلی سے سنا اور موقع پر متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کیے۔ کھلی کچہری میں انفرادی کے علاوہ اجتماعی مسائل بھی پیش کیے گئے جن میں پانی، بجلی، سیوریج، روزگار اور جھگڑوں سمیت دیگر مسائل شامل تھے۔

اب تک کی کھلی کچہریوں میں سب سے نمایاں مسائل زمینوں کی تقسیم، ان پر قبضوں اور زمینوں کی منتقلیوں سے متعلق تھے۔ کھلی کچہری میں بعض مسائل کا فوری حل ہو گیا جبکہ بعض شکایات کے حل کے لیے احکامات جاری کرنے کے علاوہ پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ذمہ داریاں لگائی گئیں۔

وزیر مملکت کی ہدایت پر پیش کردہ شکایات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے باضابطہ ٹریکنگ سسٹم بھی وضع کیا گیا ہے۔ کئی افراد گزشتہ کھلی کچہریوں میں پیش کردہ اپنے مسائل کے حل ہو جانے پر وزیر مملکت کا شکریہ ادا کرنے بھی آئے۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ عوام کے انفرادی اور اجتماعی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کھلی کچہری میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے یقینی بنایا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنر سمیت ہر محکمے کے متعلقہ افسران موجود ہوں۔