پاکستان اور ترکمانستان کا دینی تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

4

اسلام آباد (26 اکتوبر 2026ء):  ترکمانستان کے چیف امام اور سابق مفتی اعظم یالکپ ہوجاگلیوو نے وفد کے ہمراہ وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا دورہ کیا، جہاں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مذہبی تعلیم، قرآنی علوم اور دینی شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں ترکمانستان میں اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرنے اور دوطرفہ اشتراک کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔معزز مہمان کے ہمراہ ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولاموف، فرسٹ سیکرٹری  بیرام یازوو وفد میں شامل تھے جبکہ وزارتِ مذہبی امور کے شعبہ دعوۃ و زیارات کے جوائنٹ سیکرٹری  شہباز مصطفی، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر شاہد الرحمن مارتھ  بھی موجود تھے۔

وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان پہلے ہی ثقافتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ مذہبی تعلیم کے شعبے میں باہمی اشتراک دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عصری تعلیمی اداروں میں یونیورسٹی کی سطح تک دینی و قرآنی علوم کی تعلیم دی جا رہی ہے۔ پاکستانی علما اور مذہبی اسکالرز دنیا کے نامور تعلیمی و تحقیقی اداروں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

ابرار احمد مرزا نے کہا کہ پاکستان کو دینی تعلیم، قرآنی علوم اور مذہبی تحقیق کے شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل ہے، جس سے ترکمانستان میں مذہبی علوم کی ترویج کے لیے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و مذہبی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جو باہمی روابط میں  مزید فروغ کا ذریعہ بنیں گے۔

اس موقع پر ترکمانستان کے چیف امام اور سابق مفتی اعظم یالکپ ہوجاگلیوو نے کہا کہ ان کے دورۂ پاکستان کا بنیادی مقصد ملک میں رائج دینی تعلیم کے نظام، نصاب اور تدریسی طریقہ کار کے بارے میں معلومات حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان میں بنیادی اسلامی عقائد، فقہ اور تفسیر کی تعلیم کے فروغ کے لیے پاکستان کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔

چیف امام نے بتایا کہ ترکمانستان کے نئے شہر میں 30 ہزار نمازیوں کی گنجائش رکھنے والی ’’ارکاداگ روحی مسجد‘‘ کی تعمیر جاری ہے۔ اس مسجد کے ساتھ دینی تعلیم کے لیے ایک مدرسہ بھی قائم کیا جائے گا، جہاں اسلامی تعلیمات کے فروغ اور دینی علوم کی تدریس کا اہتمام کیا جائے گا۔

ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مذہبی تعلیم کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جائے تاکہ دینی علوم، تدریسی تجربات اور علمی روابط کے تبادلے کے ذریعے باہمی تعلقات کو نئی جہت دی جا سکے۔