ملتان ، 26اکتوبر(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سال 2026 کو یوتھ ایئرقرار دیے جانے کے سلسلے میں یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مرتب کردہ سالانہ اسپورٹس کیلنڈر کے تحت انٹر تحصیل میٹ ریسلنگ اور کراٹے کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے ان مقابلوں میں تحصیل ملتان سٹی تحصیل ملتان صدر تحصیل شجاع آباد اور تحصیل جلالپور پیر والا کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں مہارت اور بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیاجبکہ میٹ ریسلنگ اور کراٹے کے مقابلوں میں تحصیل ملتان سٹی کے کھلاڑیوں نے کامیابی حاصل کر کے میدان مار لیا۔
مقابلوں کے اختتام پر تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ڈویژنل اسپورٹس آفیسر ملتان عطا الرحمٰن خان تھےاس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم تحصیل اسپورٹس آفیسر ملتان صدر فاروق لطیف، تحصیل اسپورٹس آفیسر ملتان سٹی نور خان قیصرانی حامد پہلوان خالد حلیم مرزا اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم نے کہا کہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات اور صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کے لیے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کر رہا ہے، تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیںانہوں نے کہا کہ تحصیل سطح پر منعقد ہونے والے ان مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیمیں انٹر ڈسٹرکٹ سطح پر اپنے ضلع کی نمائندگی کریں گی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈویژنل اسپورٹس آفیسر ملتان عطا الرحمٰن خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کا جوش و جذبہ قابلِ دید ہے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت سال 2026 کو یوتھ ایئر کے طور پر منایا جا رہا ہے، جس کے سلسلے میں اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ پورا سال مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کر رہا ہے۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے نیا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے، جو کھیلوں کی ترقی اور فروغ کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ بھرپور جوش و خروش کے ساتھ یوتھ گیمز میں اپنی انٹری یقینی بنائیں ان مقابلوں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں، قیمتی انعامات حاصل کریں اور اپنے علاقےصوبے اور ملک کا نام قومی و بین الاقوامی سطح پر روشن کریں۔تقریب کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کی گئیں۔











