جہلم، 26 اکتوبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کالا گجراں کے نو تعمیر شدہ پارک میں اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کی اور نوبیاہتا جوڑوں کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارکباد دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کے ذریعے مستحق خاندانوں کو اپنی بچیوں کی شادیوں کے حوالے سے سہولت فراہم کرتے ہوئے انہیں زندگی کے نئے سفر کا تحفہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کے لیے بچیوں کی شادی کے اخراجات ایک بڑا مسئلہ بن چکے ہیں،اس لیے اجتماعی شادیوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کالا گجراں میں گزشتہ سال جس جگہ کوڑے کا ڈھیر تھا،اسے خوبصورت پارک میں تبدیل کیا گیا اور آج اسی پارک میں ایک نیک اور فلاحی کام انجام دیا جا رہا ہے۔ تقریب کے دوران اجتماعی طور پر 20 جوڑوں کی شادیاں ہوئیں،جس میں نوبیاہتا جوڑوں کے والدین،عزیز و اقارب اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔
تقریب میں شریک نوبیاہتا جوڑوں اور ان کے عزیز و اقارب نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی سماجی بہتری اور عوامی فلاح کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔











