اسلام آباد، 26 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ امور، ادویات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار اور جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈریپ حکام نے ادویات کی قیمتوں سے متعلق زیر التوا کیسز پر پیش رفت، قیمتوں کے موجودہ فارمولے اور متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ ٹرائی ویلنٹ فلو ویکسین مارکیٹ میں وافر مقدار میں دستیاب ہے۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے متعلقہ حکام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے زیر التوا کیسز پر مزید پیش رفت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادویات کی قیمتوں کے تعین سے متعلق معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے عوامی مفاد کو ترجیح دی جائے اور فارماسیوٹیکل سیکٹر کی پائیدار ترقی کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
اجلاس میں ادویات کی قیمتوں کے موجودہ فارمولے کا جائزہ لینے اور قیمتوں کے زیادہ مؤثر و آزادانہ تجزیے کے لیے متعلقہ ڈیٹا بیسز تک رسائی کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک، سیکریٹری صحت مومن آغا، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔











