کوئٹہ سٹی ٹریفک پولیس کی کالے شیشوں ، غیر قانونی نمبر پلیٹس اور بغیر کاغذات والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع

6

کوئٹہ 26 اکتوبر ( اے پی پی ) ڈی آئی جی کوئٹہ اور ایس ایس پی ٹریفک کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایس پی سٹی ٹریفک میڈم شبانہ نے کوئٹہ کے سٹی ایریا میں کالے شیشوں ، غیر قانونی نمبر پلیٹس اور گاڑیوں کے ضروری کاغذات نہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ اس مہم کا مقصد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور شہر میں قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنا ہے۔

اس موقع پر ایس پی سٹی ٹریفک میڈم شبانہ نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام شہریوں کو قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کالے شیشوں ، غیر قانونی نمبر پلیٹس اور گاڑیوں کے ضروری دستاویزات نہ رکھنے کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔