اسلام آباد،27 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بہادر کشمیریوں نے بھارت کے غیر قانونی تسلط کو کبھی قبول نہیں کیا وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اسلام اباد میں ریلی کا انعقاد کا گیا جو دفتر خارجہ سے شاہراہ دستور سے ہوتے ہوئے ڈی چوک کی جانب پہنچی۔ ریلی میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندے دفتر خارجہ کے حکام ارکان پارلیمنٹ شریک ہوئے، ریلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی شامل ہوئے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارتی بربریت کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت متزلزل نہیں ہوا بھارت کے پاس کشمیریوں کو آزادی دینے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے پاکستان کے عوام جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں قید و بند کی صعوبتیں کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت نہیں نکال سکی، 1989 سے اب تک 93 ہزار کشمیری جانوں کےنذرانے پیش کر چکے ہیں آج کے دن بھارت نے غیر قانونی طور پر کشمیر کے خطے پر قبضہ کیا۔











