وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا یومِ سیاہ جموں و کشمیر پر پیغام

3

 

اسلام آباد، 27 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یومِ سیاہ جموں و کشمیر پر پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر کا دن بھارتی مظالم کی داستان اور کشمیری عوام کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،تنازعہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے، اس کا  حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے،مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری آواز بلند کرے،عالمی ریاستیں اور بین الاقوامی تنظیمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرمناسب فورمز پر کارروائی کریں۔

انھوں نے کہا کہ جب تک مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور استحصال جاری رہے گا، خطے میں امن ممکن نہیں، بھارت نے کئی دہائیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام پر مظالم ڈھائے ہیں،بھارت نے قوانین میں تبدیلی کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی، پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات کی ہر فورم پر مخالفت اور مذمت کی، کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے،تنازعہ جموں و کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی آزادانہ مرضی سے ہونا چاہیے۔ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے اظہار کے لیے آزاد اور خودمختار ہیں۔

پاکستانیوں کی دعائیں،ہمدردیاں اور حمایت کشمیری عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان بحیثیت ریاست کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔